Live Updates

تحریک نفاذفقہ جعفریہ بلوچستان کا اہم اجلاس، صوبہ بھرسے مندوبین کی شرکت

جمعرات 29 مئی 2025 22:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2025ء) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ بلوچستان اہم اجلاس صوبائی صدر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی، ریجنل اور ضلعی مندوبین نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیمی فعالیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے پورے صوبے میں رکنیت سازی مہم تیز کی جائے گی اور اس ضمن میں تحریک اور تمام شعبہ جات کے صوبائی سربراہان ریجنل اور ضلعی سطح پر دورے کرینگے۔

صوبائی صدر نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے تحریک کے اغراض و مقاصد اور اہداف کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی اور قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے وضع کردہ پانچ اصولوں ولایتِ علیؑ، عزائے حسینؑ، حرمتِ سادات، مرکزیت اور احترامِ مرجعیت پر کاربند رہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان پاکیزہ اہداف سے ہم ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اس بارے میں ہرگِز کوئی سودا بازی نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبہ بھر سے آئے ہوئے مندوبین کو تاکید کی کہ وہ تنظیم کے آئین کے مطابق اپنی منصبی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے مزید جاں فشانی، محنت اور لگن کیساتھ عملی جد و جہد جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ نفاذِ فقہ? جعفریہ نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب آپس میں شِیر و شکر ہیں، جو مل جل کر میلاد النبیؐ اور عزاداری کے جلوسوں میں شرکت اور ان کا اہتمام کرتے ہیں۔

ان جلوسوں کو دنیا کی کوئی طاقت محدود یا مسدود نہیں کر سکتی۔ انہوں نے صوبہ بھر سے آئے ہوئے مندوبین اجلاس کی کارکردگی کو سراہا اور دور دراز سے شرکت کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان لسان تحریک طارق جعفری کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی جس میں تحریکِ نفاذِ فقہ? جعفریہ کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کے حکم پر ملی اہداف کے حصول کیلئے انکی پکار پر لبیک کہتے ہوئے مشنِ ولایتِ علی ابنِ ابی طالبؑ، عزاداری سید الشہداؑ کے دفاع و فروغ کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کے عہد کا اظہار کیا گیا۔

قرارداد میں وطن کے دفاع کیلئے عساکرِ پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے باور کرایا گیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اپنے وطن کی خود مختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کیلئے تیار ہے۔ قرارداد میں تمام جماعتوں اور اداروں نے مل کر سانحہ اے پی ایس کے بعد نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا تھا لیکن افسوس کے آج تک اس کی تمام شِقوں پر عمل نہیں ہو سکا اور اسی کوتاہی کی سزا پوری قوم اب تک بھگت رہی ہے۔

ایک دفعہ پھر قدرت نے عساکرِ پاکستان کی فتوحات کے ذریعے قوم کو متحد کر دیا ہے تو حکومت کو چاہئیے کہ دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد سمجھتے ہو بِلا کسی رعایت پاکستان کو ان کے نجس وجود سے پاک کرے۔ کالعدم جماعتوں کو ہی نہیں ان میں موجود افراد کے خلاف عملی اقدامات کرے اور انہیں امن کمیٹیوں میں بٹھا کر ان سے امن کی بھیک نہ مانگے۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور خوارج کے خلاف بھرپور آپریشن کی حمایت کرتی ہے۔

اجلاس میں موسس عزائے جنت البقیع قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے قائم کردہ اور سربراہِ تحریک علامہ آغا سید حسین مقدسی کی خصوصی ہدایت پر مرکز مکتبِ تشیُع ہیڈکوارٹر علیؑ مسجد کی جانب سے اعلان کردہ، یکم ذوالحجہ ’یومِ خاتونِؑ جنت‘، 5 ذی الحجہ یومِ صحابیتؓ بسلسلہ وفات حضرت ابوذر غفاریؓ، 7 ذی الحجہ یومِ باقر العلوم بسلسلہ شہادت حضرت امام محمد باقرؑ، 9 ذی الحجہ یومِ سفیرِ حسینیتؑ بسلسلہ شہادت حضرت مسلمؑ ابنِ عقیلؑ، 16 ذوالحجہ یومِ شریکة الحسینؑ بسلسلہ شہادت نواسیِ رسولؐ سیدہ زینبؑ بنتِ علیؑ، 17 تا 24 ذی الحجہ عیدِ غدیر و مباہلہ کی مناسبت سے عالمگیر ہفتہ? ولایت کے پروگراموں صوبہ بھر میں انعقاد کیا جائیگا۔

اجلاس عالم اسلام کی سربلندی وطن عزیرپاکستان کے استحکام وترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عساکر پاکستان سمیت تمام سیکورٹی فورسز کی کامیابی کامرانی اور حفاظت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات