Live Updates

بھارتی جارحیت ،اطلاعات و نشریات کی قائمہ کمیٹی کی کامیاب دفاع میں بہادر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف

پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کو عید سے پہلے اپنے پینشنرز اور ملازمین کو تنخواہوں اور پینشن کی تقسیم کی ہدایت

جمعرات 29 مئی 2025 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے آج پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اپنے اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں بھارتی جارحیت کو پسپا کرنے میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور ملک کی خودمختاری کے کامیاب دفاع کو سراہتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا،کمیٹی نے اس تنازع کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم کے قائدانہ کردار کو بھی سراہا اور حالیہ بحران کے دوران حقائق پر مبنی اور ذمہ دارانہ کوریج کرنے، دشمن کی طرف سے پھیلائے جانے والے جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کے نجی اور سرکاری میڈیا کے موثر کردار کی بھی تعریف کی ،کمیٹی نے امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور زور دیا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور پیشہ ورانہ جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایم این اے پلین بلوچ کی صدارت میں ہوا۔ پی ٹی وی سے متعلق ایجنڈا پر بحث کرتے ہوئے قائمہ کمیٹی نے پی ٹی وی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ عید سے قبل حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی تقسیم کو یقینی بنائیں۔ اسی طرح، کمیٹی نے پی بی سی اور ایس آر بی سی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ ملازمین کو ادائیگیوں کو یقینی بنائیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی نے ایڈورٹائزنگ ریونیو کی مد میں بجٹ 2023-24 میں مقرر کردہ 6197/-ملین کے ہدف کے مقابلے میں 7503/- ملین کمائے اور رواں سال کے لیے مقرر کردہ ہدف حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور بجلی کے بل میں ٹی وی فیس کی مد میں جمع ہونے والے 10 ارب روپے کا بڑا حصہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جاتا ھے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی اسکرینوں میں جدت اور نئے چہروں کے باعث پی ٹی وی کے ناظرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ پی ٹی وی کے پاس پینشن مینجمنٹ کا ایک مربوط نظام موجود ہے تاہم اس میں مزید بہتری کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ بات چیت کی جا رہی ہے۔ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ انتہای اہم بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور بین الاقوامی میڈیا کے حقوق کے حصول کے لیے فنڈز کی منتقلی کے باعث پی ٹی وی کو عارضی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ٹی وی انتظامیہ نے نان پرفارمنگ اور سیاسی طور پر تعینات ملازمین کی تفصیلات بھی کمیٹی کے سامنے پیش کیں جنہیں موجودہ تنظیم نو کے دوران ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا، اسلام آباد کے سیکٹر F-14/F-15 اور بارہ کہو میں صحافیوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی نے وزارت کو ہدایت کی کہ دو ماہ میں درخواستوں کی جانچ پڑتال کو حتمی شکل دی جائے اور تمام متاثرہ افراد کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔

کمیٹی کا موقف تھا کہ وزارت کی جانب سے اس غیر معمولی تاخیر کی وجہ سے صحافیوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ کمیٹی نے پیمرا (ترمیمی) بل 2025 کے بارے میں ایم این اے مہتاب اکبر راشدی کی کنوینر شپ کے تحت مقرر کردہ ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پر بات کرتے ہوئے پیمرا کو ہدایت کی کہ وہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر اپنے نقظہ نظر پیش کرے۔ کمیٹی کی کنوینر اور بل کی محرک نے کمیٹی کو زیر بحث رپورٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔

اجلاس میں بیرسٹر دانیال چوہدری، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات اور ممبران قومی اسمبلی ندیم عباس، کرن عمران ڈار، آسیہ ناز تنولی، کرن حیدر، صلاح الدین جونیجو، مہتاب اکبر راشدی، محترمہ سحر کامران، سید امین الحق، رعنا انصار، آصف خان، جناب وقاص اکرم، محمد معظم علی خان، مولانہ عبدالغفور حیدری نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزارت اطلاعات کی نمائندگی سیکرٹری اطلاعت، ڈائریکٹر جنرل (آئی پی)، ڈائریکٹر جنرل (پی بی سی) اور وزارت کے ماتحت محکموں کے دیگر افسران نے کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات