عید قرباں پر رجسٹرڈ مدارس کو ہی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت دی جائے گی، ڈسٹرکٹ کو آر ڈینیشن کمیٹی

جمعرات 29 مئی 2025 19:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکیپٹن(ر)ندیم ناصر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کو آر ڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلا س میں عید قرباں پر صرف رجسٹرڈ مدارس کو قربانی کے جانوروں کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت دی گئی۔اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل عدیل، سی پی او صاحبزادہ بلال عمر،،اے ڈی سی طیب سمیع بھی موجود تھے۔

ضلعی محکموں کے افسران نے ٹاسکس پر عملدر آمد اور کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ ضلع میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کا دائرہ کار وسیع اور تیز کیا جائیگا۔ اجلاس میں معرکہ حق کے دوران بھارت کو عبرتناک شکست پر پوری قوم کو مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ شاہراہوں پر حادثات جو کہ ایک بڑا چیلنج ہیں کی روک تھام کیلئے ٹریفک پولیس وضلعی ٹرانسپورٹ اتھارٹی مشترکہ حکمت عملی اپنائے اور بڑی گڈز ٹرانسپورٹ کو شہر میں کسی صورت داخلہ کی اجازت نہ دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضلع میں کسی جگہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام کی اجازت نہیں دیں گے اورمویشی منڈیوں میں کوئی پرچی فیس وصول نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ اورگداگری پر زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل عدیل نے کہا کہ مستقبل میں بزدل دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ تمام محکمہ جات پرامن عاشورہ محرم کیلئے پیشگی تیاریاں شروع کریں۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے ضلع میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔