سعودی وزیر اسلامی امور کی شاہی مہمانوں سے ملاقات

جمعہ 30 مئی 2025 10:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے شاہی میزبانی میں آنے والے عازمین حج سے ملاقات کی اور ان سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے شاہی مہمانوں کی خدمت کے لئے مخصوص کمیٹی کے ذمہ داروں سے بھی ملاقات کی تاکہ مہمانوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور حج انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاہی ضیافت میں آنے والے مہمانوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا شکریہ ادا کیا اور مثالی خدمات کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ امسال شاہی ضیافت میں 100 سےزیادہ ممالک سے تعلق رکھنے والے 1300 افراد حج کی ادائیگی کریں گے ۔ شاہی حج و عمرہ میزبانی کے پروگرام کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا اس وقت سے اب تک 140 ممالک کے 65 ہزار سے زائد افراد شاہی مہمان کے طورپر حج ادا کرچکے ہیں۔