Live Updates

ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں مسلم طلبہ فیڈریشن کی بنیاد رکھ دی گئی

جمعہ 30 مئی 2025 13:24

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں مسلم طلبہ فیڈریشن (ایم ایس ایف) کی بنیاد رکھ دی گئی۔ مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف)کے آرگنائزنگ کمیٹی کے قیام کا اعلان سابق وفاقی وزیر اور صوبائی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن)مرتضیٰ جاوید عباسی کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس موقع پر تمام اراکین نے حلف اٹھایا کہ وہ پاکستان کے دفاع، اس کی سالمیت اور نوجوانوں کے حقوق کیلئے مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔

ابراہیم قریشی اور سیف اﷲ تنولی نے تقریب میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ایم ایس ایف کے قیام میں متعدد طلبہ و طالبات نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں طلبہ کے جوش و خروش نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے زور دیا کہ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے، انہیں تعلیم، کردار سازی اور قومی یکجہتی کیلئے کام کرنا ہوگا۔

یہ تقریب ایبٹ آباد یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جہاں طلبہ نے نہ صرف اپنی تنظیم کے مقاصد کو اجاگر کیا بلکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دیگر معززین نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن ایبٹ آباد یونیورسٹی کی پندرہ رکنی آرگنائرز کمیٹی کا اعلان کیا گیا۔

اتفاق رائے سے ابراہیم قریشی کو صدر اور سیف اﷲ تنولی کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا ہے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی، ڈویژن کوآڈینیٹر وزیراعظم یوتھ پروگرام سردار کلیم نلوٹھ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل چیئرمین حویلیاں کے سابق امیدوار ملک طلحہ نے اپنے خطاب طلباءکے سیاست میں کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی تاریخی اہمیت اور مستقبل کے کردار اور طریقہ کار پر توجہ مرکوز کروائی۔ آرگنائزیشن کمیٹی کو مبارکباد دی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات