ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ آپریشنز،کروڑوں روپے مالیت کی منشیات پکڑی گئی

6 مختلف کارروائیوں میں 60.229کلوگرام منشیات ضبط کرکے 4ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا‘ترجمان

جمعہ 30 مئی 2025 14:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ترجمان کے مطابق اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔6مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 60.229کلوگرام منشیات ضبط کی گئیں جن کی مالیت 4کروڑ 4لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی جبکہ 4ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

منشیات کے خلاف یہ کریک ڈائون خصوصی طور پر تعلیمی اداروں کے اطراف اور حساس مقامات پر کیا گیا۔کوئٹہ کے علاقے بلیلی روڈ پر واقع ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ایک مشتبہ ملزم کے قبضے سے 2کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تعلیمی ادارے کے طلبا کو منشیات فروخت کرتا تھا ۔اے این ایف کی دیگر کارروائیاں بھی انتہائی موثر رہیں۔

لاہور میں کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ، شیخوپورہ کے قریب ایک گاڑی سے 24کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ حیدرآباد میں گیڈو چوک کے قریب ایک مسافر بس میں سوار ملزم کے قبضے سے 3.6کلوگرام چرس برآمد ہوئی جب کہ اسی شہر میں ایک اور کارروائی میں بھی اتنی ہی مقدار میں چرس برآمد کی گئی۔علاوہ ازیں لاہور کے ایک کارگو آفس میں کراچی بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران 17گرام کوکین اور 12 گرام وزنی 20 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔

ادھر بلوچستان کے علاقے سونمیانی، ضلع حب میں جھاڑیوں کے درمیان اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 27کلوگرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، خصوصا تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔