ہوائی جہازوں کی حفاظت کے لئے قربانی کی آلائشوں کی بروقت تلفی قومی ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنرسرگودہا

جمعہ 30 مئی 2025 17:07

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس ہمارے فخر کا نشان اور قومی وقار کی علامت ہے۔ ہوائی جہازوں کی حفاظت کے لئے قربانی کی آلائشوں کی بروقت تلفی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات عیدالاضحیٰ کے موقع پر ممکنہ پرندوں کے خطرات کے پیش نظر منعقدہ خصوصی برڈ ہیزرڈ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بینان مرصوص میں سرگودہا ایئربیس سے پرواز کرنے والے طیاروں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر تاریخ رقم کی۔ دشمن ہمارے طیاروں کو نقصان پہنچانے میں مکمل ناکام رہا اور اب ان قیمتی قومی اثاثوں کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ایس او پیز کے مطابق بروقت اور محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے تاکہ چیل، گدھ اور دیگر پرندے ان کی طرف راغب ہو کر فضائی ٹریفک کے لیے خطرہ نہ بنیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ پی اے ایف کے طیاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایئربیس کے اردگرد کے علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی کبوتر بازی یا مشکوک سرگرمی کی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایئربیس سے ملحقہ تمام علاقوں میں مثالی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور آلائشوں کی فوری تلفی کے لیے موثر نظام تشکیل دیا جائے۔

اس ضمن میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور کنٹونمنٹ بورڈ کو صفائی کے جامع انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف محکموں نے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایس ڈبلیو ایم سی اور کنٹونمنٹ بورڈ نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران خصوصی صفائی مہم کے لیے اضافی عملہ، گاڑیاں اور مشینری مختص کر دی گئی ہے جبکہ قربانی کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے اور تلف کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اجلاس میں اے ڈی سی آر فہد محمود ، پی اے ایف سے شعبہ فلائٹ سیفٹی کے سکوارڈن لیڈر ساجد الحق، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران ،سی او ضلع کونسل اسد ہریا ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا کے علاوہ کنٹونمنٹ بورڈ ، ماہی پروری ، ڈرینج ، پولیس اور ریلوے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔