Live Updates

ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے چولستان میں جانوروں کی ویکسی نیشن کا بھی جائزہ لیا

جمعہ 30 مئی 2025 17:15

احمدپورشرقیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے دین گڑھ کے مقام پرچولستانیوں میں واٹر باؤزر اور جیری کین تقسیم کیے۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے چولستان میں جانوروں کی ویکسی نیشن کا بھی جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے ممکنہ خشک سالی کی صورت حال کے پیش نظر چولستان کے علاقے دین گڑھ کے مقام پرچولستانیوں میں پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے پینے کے صاف پانی کے واٹر باؤزر اور 500 سے زائد جیری کین تقسیم کیے۔

انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ پی ڈی ایم اے،چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی آپ کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور موجودہ صورتحال میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ چولستانیوں کو پانی کی قلت اور دیگر مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر یزمان عمران رفیق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کا عملہ موجود تھا۔

ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ واٹر باؤزر کے ذریعے مقامی ٹوبھہ جات اور کنووں میں مسلسل پانی کی فراہمی جاری ہے۔ اس دفعہ معمول سے کم بارشیں ہونے کے باعث چولستان میں خشک سالی الرٹ جاری کیا گیا ہے اورچولستان میں بھی ایمرجنسی سیل بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام جانوروں کو بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کا بھی معائنہ کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ چولستان میں جانوروں کی ویکسی نیشن کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یزمان کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا،وہ مختلف وارڈز میں گئے اور مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات بارے دریافت کیا اور ان کی عیادت کی۔ \378
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات