Live Updates

ممبرمانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن بورڈ آف ریونیو مظفرآباد چوہدری شوکت علی کا ڈپٹی کمشنر آفس کوٹلی کا دورہ

جمعہ 30 مئی 2025 19:13

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ممبر مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن بورڈ آف ریونیو مظفرآباد چوہدری شوکت علی نے آج ڈپٹی کمشنر آفس کوٹلی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مجموعی صورتِ حال، متاثرہ املاک / نقصانات اور ان سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں تحصیل سطح پر قائم ان کمیٹیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جنہیں نقصانات کی تفصیلی رپورٹس مرتب کرکے ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی ۔دورے کے دوران حالیہ شدید آندھی، طوفان اور بارش سے پیدا شدہ حالات، جانی و مالی نقصانات اور ان کے تدارک کے لیے جاری امدادی کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تمام ریسکیو اور امدادی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ چوہدری شوکت علی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کے ساتھ بروقت اظہارِ یکجہتی، امداد کی فراہمی اور ان کے مسائل کے ازالے کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہمارے ہیں اور ان کے دکھ درد میں ضلعی و ریاستی مشینری مکمل طور پر شریک ہے۔

آخر میں محکمہ مال کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن، آئی ٹی نظام کے نفاذ اور جدید خطوط پر اس کی تنظیم نو سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ ریکارڈ کو محفوظ اور عام آدمی تک اس کی رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق نے شہریوں کے تحفظ، نقصانات کے ازالے اور عوامی ریلیف کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ تمام تر حکومتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ عوام تک فوری اور مؤثر امداد پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات