ایبٹ آباد،کمشنر ہزارہ کی زیر صدارت ہوٹل مالکان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اجلاس

جمعہ 30 مئی 2025 19:13

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) کمشنر ہزارہ ڈویثرن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت ہوٹل مالکان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متلعقہ محکموں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا جس میں ہوٹل ملکان کی تنظیم نے اپنے مسائل پیش کیے،اجلاس کے شرکاء نے کمشنر ہزارہ کو بتایا کہ گلیات کا پانی مری واٹر بورڈ لے جا رہا ہے،پہلے گلیات کے علاقے میں پانی کی کمی کو دورکیا جائے،لوڈشیڈنگ،پانی کی سپلائی کے لیے این او سی،ٹریفک،پارکنگ،منی اڈوں اور دیگر مسائل کا حل بھی وقت کا تقاضا ہے،کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے ڈائریکٹر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ پانی کی تقسیم کار کا حل نکالا جائے اور مری واٹر بورڈ کے حوالے سے بھی مراسلہ بھیجا جائے،ڈائریکٹر ایڈمن گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی پانی کے نئے سورس کی این او سی کے حوالے سے مسئلہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر حل کریں۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ نے کہا کہ ہر ہوٹل کا مالکان اپنے سیاحوں کی گاڑیاں ہوٹل کی حدود میں کھڑی کریں اور جس ہوٹل کے سامنے کنسٹرکشن کا سامان پڑا ہو اسے ایک دن کی وارننگ دی جائے اور عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں اس کو اٹھا کر ضائع کر دیا جائے۔اُنھوں نے کہا کہ پارکنگ کی جگہ اور پارکنگ پلازے کی جگہوں کا تعین جلد از جلد کیا جائے اور گاڑی کی پارکنگ کا وقت اور اس پر مناسب کرایہ رکھا جائے،بجلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے ایکسئین پیسکو کو ہوٹل انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کا حکم دیا،اجلاس کے شرکاء نے کمشنر ہزارہ کو بتایا کہ دوران نماز گاڑیوں میں اونچی آواز میں گانے اور پریشر ہارن کی وجہ سے نماز میں خلل پڑتا ہے جس پر کمشنر ہزارہ نے اس معاملے پر ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں جی ڈی اے،ایڈمنسٹریشن اور ڈی ایس پی ٹریفک شامل ہیں جو گاڑیوں سے ووفر،ٹیپ ریکارڈر اور پریشر ہارن کو نکال کر اپنی تحویل میں لیں گے۔

کمشنر ہزارہ نے ضلعی پولیس کے نمائندے کو کہا کہ باڑیاں اور ہرنوں چیک پوسٹوں میں لائیٹس تنصیب کی جائیں اور مختلف جگہوں پر کیمرے لگائے جائیں اور جو کیمرے خراب ہیں ان کو ٹھیک کروایا جائے،کمشنر ہزارہ نے ڈائریکٹر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ جب تک لینڈ یوز پلان نہ آ جائے اس وقت تک کوئی بھی نقشہ پاس نہ کیا جائے۔جی ڈی اے اپنی ویب سائیٹ پرغیر ملکی سیاحوں کے لیے ایس او پیز جاری کریں تاکہ غیر ملکی سیاحوں اور ہوٹل مالکان کو کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو۔