کوئٹہ، تین مخصوص روٹس پر برقی گاڑیاں چلائی جائیں گی ،صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ

جمعہ 30 مئی 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ کے ڈائون ٹائون میں الیکٹرک گاڑیوں کے شٹل سروس کے آغاز سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوئٹہ کے ڈائون ٹائون یعنی لیاقت بازار، قندھاری بازار، جناح روڈ، سورجگنج بازار میں برقی گاڑیوں کے آپریشن سے متعلق ایجنڈے پر بحث کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے حالیہ دنوں میں کوئٹہ کے ڈائون ٹائون کو باقاعدہ نوٹیفائی کیا ہے جس کے تحت اس کو مکمل طور پر نو پارکنگ زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت کا مقصد شہریوں کو جدید، ماحول دوست اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں تین مخصوص روٹس پر برقی گاڑیاں چلائی جائیں گی جو ڈائون ٹائون کے مرکزی علاقوں کا احاطہ کریں گی۔

(جاری ہے)

یہ روٹس دونوں سمتوں میں کام کریں گے، جن پر آغاز میں مقررہ تعداد میں برقی گاڑیاں چلائی جائیں گی، جبکہ مستقبل میں عوامی ضرورت کے مطابق ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔اس منصوبے کے تحت ان مخصوص روٹس پر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی، اور ان کے لیے مخصوص پوائنٹس مقرر کیے جائیں گے۔ مسافر ان پوائنٹس سے برقی گاڑیوں میں سوار ہو کر اپنی منزل تک آسانی سے پہنچ سکیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مقررہ وقت کے وقفے سے برقی گاڑیاں دستیاب ہوں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے اور رش کم ہو۔یہ منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے، جس کے تحت کسی مرکزی کاروباری علاقے میں جدید برقی ٹرانزٹ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ حکومت بلوچستان کے اس اقدام کو شہری ترقی، ماحولیاتی بہتری اور پبلک ٹرانسپورٹ کے جدید نظام کی طرف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔