افغانستان میں پاکستانی ناظم الامور کو سفیر کا درجہ دے دیا گیا

جمعہ 30 مئی 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کابل میں اپنے ناظم الامور کا درجہ بڑھا کر سفیر کی سطح پر کررہے ہیں،اقدام سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا۔جاری بیان میں وزیرخارجہ نے کہا کہ 19اپریل 2025ء کو پاکستانی وفد کے ہمراہ میرے کابل کے انتہائی نتیجہ خیز دورے کے بعد پاک-افغان تعلقات ایک مثبت سمت میں گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے، مجھے حکومت پاکستان کے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ کابل میں اپنے ناظم الامور (چارج ڈی افیئرز)کا درجہ بڑھا کر سفیر کی سطح پر کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے، اقتصادی، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور تجارت کے شعبوں میں پاک-افغان تعاون کو مزید گہرا کرنے اور باہمی تبادلوں کو بڑھانے میں مزید معاون ثابت ہوگا۔