Live Updates

پاکستان ریلویز نے رواں مالی سال کے ابتدائی گیارہ ماہ میں 83 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے،ترجمان

ہفتہ 31 مئی 2025 00:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) پاکستان ریلویز نے مالی سال 2024-25 کے ابتدائی گیارہ ماہ میں 83 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے جو محکمہ کی تاریخ میں اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ ہے۔ ترجمان کے مطابق ریونیو میں یہ اضافہ مسافر ٹرینوں سے حاصل کردہ 42 ارب، مال گاڑیوں سے حاصل کردہ 29 ارب اور دیگر ذرائع سے حاصل کردہ 12 ارب روپے کی آمدن پر مشتمل ہے۔

رواں مالی سال کے اختتام تک 88 ارب روپے کا ہدف عبور کرنے کے روشن امکانات ہیں۔ پچھلے سال اسی مدت میں ریلویز نے 77 ارب روپے آمدن حاصل کی تھی۔ کراچی ڈویژن مسافر ٹرینوں سے 13 ارب اور فریٹ سیکٹر سے 25 ارب روپے ریونیو حاصل کر کے سب سے آگے رہا، جبکہ لاہور ڈویژن نے مسافر ٹرینوں سے 10 ارب اور فریٹ سے 75 کروڑ روپے کمائے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی اور ملتان ڈویژنز نے یکساں طور پر 4،4 ارب روپے مسافر ٹرینوں سے حاصل کیے اور دونوں کی مجموعی آمدن 8 ارب روپے رہی۔

مالی سال کے گیارہ ماہ میں اس قدر آمدن ریلویز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حاصل ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم محنت، دیانت اور لگن سے پاکستان ریلویز کو نہ صرف مالی طور پر مستحکم کریں گے بلکہ اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے قومی ترقی کا اہم ستون بنائیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات