پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی

ہفتہ 31 مئی 2025 00:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست سے دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔جمعہ کے روز ہونے ولے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 202 رنز کا ہدف دیا مگر بنگلہ دیشی ٹیم 144 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔قبل ازیں پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھااور اسے ابتدا میں اس وقت پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب صائم ایوب صرف چار رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے۔صائم ایوب کے آوٹ ہونے کے بعد ان فارم بیٹر ز صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔صاحبزادہ فرحان نے چھ بلند وبالا چھکوں اور چار چوکوں سے مزین 74 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، وہ رشاد حسین کی گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ان کے بعد جلد ہی محمد حارث بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 25 گیندیں کھیل کر 41 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔کپتان سلمان آغا آوٹ ہونے والے اگلے بیٹر تھے جنہیں حسن محمود نے 19 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔آل راونڈر شاداب پچھلے میچ کے برعکس اس میچ میں اپنا جادو نہ جگا سکے اور محض سات رنز بناکر حسن محمود کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے حسن نواز کی برق رفتار اننگز جاری رہی انہوں نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 51 رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود اور تنظیم حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ رشاد حسین کے حصے میں آئی۔202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹر اننگز کے آغاز ہی سے دباو میں نظر آئے اور اوپنر تنزید حسین اور ٹیل اینڈر تنظیم حسن کے سوا کوئی بھی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا، بنگلا دیش کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکے۔

اوپنر تنزید حسین نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے، وقفے وقفے سے بنگلادیشی بیٹرز کی وکٹیں گرتی رہیں۔آخری لمحات میں آل راونڈر تنظیم حسن نے مزاحمت کی، انہوں نے 31 گیندوں پر ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے نصف سینچری سکور کی، مگر ان کے آوٹ ہوتے ہی بنگلادیشن کی اننگز 144 رنز پر سمٹ گئی، تنظم حسن نے 50 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ حسن علی، فہیم اشرف، حارث روف، شاداب خان، خوشدل شاہ اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔