Live Updates

الیکشن کمیشن کی پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے انعقاد کی تیاریاں جاری

ہفتہ 31 مئی 2025 01:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) پی پی 52 سیالکوٹ میں یکم جون2025 بروز اتوار کو ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا جائے گا ۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں ۔ آج (ہفتہ) ریٹرننگ افسر کی جانب سے پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی ترسیل کی جائے گی اور پریذائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن کو پولنگ کے انعقاد کیلئے تیار کریں گے ۔

مذکورہ حلقے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے حناء ارشد ، پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے راحیل کامران چیمہ ، تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے محمد شفاقت اور دیگر آزاد امیدواران ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے ۔پی پی 52 سیالکوٹ میں 1696 پولنگ اہلکار اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ مذکورہ حلقے میں رجسٹرڈمرد و خواتین کی کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 1 سو 85 ہے ۔

(جاری ہے)

حلقہ میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 185 ہے جن میں 11 انتہائی حساس 38 حساس اور 136 نارمل پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ صوبہ پنجاب کے حلقہ PP-52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب کی مانیٹر نگ کیلئے دفترصوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔سیالکوٹ کے مذکورہ حلقہ میں عوام الناس کی شکایات کیلئے کنٹرول روم 24گھنٹے فعال رہے گا۔ یکم جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے کنٹرول روم 24گھنٹے فعال رہے گا۔

عوام الناس مذکورہ حلقہ میں ضمنی انتخاب سے متعلقہ شکایات براہ راست درج کرواسکیں گے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی ہدایات کے مطابق ٹیلی فون، واٹس ایپ،ای میل اور دیگر کے ذریعے سے عوام الناس کی موصول ہونے والی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے گا۔ شہری دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں قائم کئے گئے کنٹرول روم کے ان نمبرز 042-99212209 | 042-99212620پر بھی اپنی شکایت درج کرواسکتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات