مکہ روٹ پراجیکٹ عازمین کے لیے سعودی عرب کی ایک گراں قدر خدمت ہے،صدر مالدیپ

ہفتہ 31 مئی 2025 10:40

مالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا ہے کہ مکہ روٹ پراجیکٹ عازمین کے لیے سعودی عرب کی ایک گراں قدر خدمت ہے۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے مکہ روٹ پروگرام میں مالدیپ کو شامل کرنے پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ مالدیپ کے صدر نے کہا کہ مملکت کی قیادت، عالم اسلام کے لیے ایک مثال ہے جو نہ صرف الحرمین الشریفین کی خدمت کے لیے جانی جاتی ہے بلکہ اسلامی دنیا بھی ان کی فراخدلی سے فیض یاب ہوتی ہے۔

انہوں نے مالدیپ سے پہلی مرتبہ مکہ روٹ پروگرام شروع کرنے پر اسے اپنے ملک کے عازمین کے لیے ایک گراں قدر خدمت سے تعبیر کیا۔ اس اقدام سے مالدیپ سے جانے والے عازمین کو سہولت آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سعودی وزارت داخہ، حج وعمرہ اور دیگر اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔مکہ روٹ انیشی ایٹیو کا مقصد ان ممالک کے عازمینِ حج کو جو سعودی عرب کے لیے روانہ ہوتے ہیں، اعلیٰ قسم کی خدمات دینا ہے۔ ان میں خود عازمینِ حج کے اپنے ملک میں سفری طریقہ کار کو منظم کرنا اور اس پورے عمل کو بغیر کسی مشکل کے تکمیل تک پہنچانا شامل ہے تاکہ جب وہ منزل پر پہنچیں تو انھیں مسائل کا سامنا نہ ہو۔یاد رہے کہ مالدیپ کے صدر نے پیر کو مالے میں ویلانا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مکہ روٹ پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔