سپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو اپوزیشن لیڈر عمرایوب کیخلاف نااہلی کا ریفرنس بھیج دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فوری طور پر ریفرنس کی پہلی سماعت 4 جون کو مقرر کرتے ہوئے نوٹسز بھی جاری کر دیئے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 مئی 2025 11:10

سپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو اپوزیشن لیڈر عمرایوب کیخلاف نااہلی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی 2025ء ) سپیکر قومی اسمبلی سردار صادق نے قائد ضزب اختلاف عمر ایوب خان کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیش کو بھجوا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کے خلاف ریفرنس سابق ایم این اے بابر نواز کی جانب سے دائر درخواست پر مبنی ہے جو 2024ء کے عام انتخابات میں این اے 18 ہری پور سے عمر ایوب خان سے 82 ہزار ووٹوں کے فرق سے ہارے، الیکشن کمیشن نے فوری طور پر ریفرنس کی پہلی سماعت 4 جون کو مقرر کرتے ہوئے عمر ایوب اور بابر نواز دونوں کو نوٹسز جاری کر دیئے۔

بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں اسی روز 11 مئی 2024ء کو بابر نواز کی طرف سے حلقے میں مبینہ دھاندلی پر کارروائی کی درخواست پر بھی دوبارہ سماعت ہوگی، درخواست میں سابق ایم این اے نے الزام لگایا کہ عمر ایوب مالی بدعنوانی اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں غلط بیانی کے مجرم ہیں، بابر نواز کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ پی ٹی آئی رہنماء نے خود بھی 9 فروری کو انتخابات میں دھاندلی کی شکایت کی تھی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی نے ان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ پارٹی نے 82 ہزار ووٹوں کے مارجن سے اپنی ہی جیت کی شکایت کرتے ہوئے ڈی آر او کو خط لکھا، تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ جعلی خط پی ٹی آئی نے کبھی نہیں لکھا اور نہ ہی سرکاری ریکارڈ میں ہے، متعلقہ ڈی آر او نے بھی ایسا خط موصول ہونے سے انکار کیا جب کہ بابر نواز نے ایکس اور فیس بک سمیت سوشل میڈیا پر اپنی شکست کو کھلے دل سے قبول کیا اور عمر ایوب کو مبارکباد دی تھی، ریاستی مشینری اور ای سی پی ایک بار پھر تحریک انصاف کو ان نشستوں سے محروم کرنے کے آلے کے طور پر متحرک ہو گئے ہیں جنہیں وہ انتخابات کے بعد چرانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔