وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد

ہفتہ 31 مئی 2025 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے جس جذبے، عزم اور محنت سے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا پرچم دنیا بھر میں سربلند کیا، وہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے۔ ان کی کامیابی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ جب قوم کا بیٹا دل سے ارادہ کر لے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے روک نہیں سکتی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ بحیثیت وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، قوم کے اس قابل سپوت کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ ارشد ندیم کی یہ کامیابی دراصل ’اڑان پاکستان‘ کی وہ روح ہے جس کا ہم خواب دیکھ رہے ہیں—جہاں ہر پاکستانی اپنے شعبے میں بلندیوں کو چھوئے، اور ملک ترقی کی دوڑ میں سب سے آگے ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جس طرح ارشد ندیم نے میدانِ کھیل میں پاکستان کو سرفراز کیا، اسی طرح ہم ’اڑان پاکستان‘ کے ذریعے معیشت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں ملک کو عروج کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔یہی ہمارا عزم ہے، یہی ہمارا وعدہ ہے، ہم پاکستان کو ہر شعبے میں ترقی و کامیابی کی اڑان دینے کے لیے پرعزم ہیں۔