فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں معذور افراد کے لیے معاون آلات اور وہیل چیئرز کی تقسیم کی تقریب

ہفتہ 31 مئی 2025 17:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں معذور افراد کے لیے معاون آلات اور وہیل چیئرز کی تقسیم کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو منعقدہ تقریب کی مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب تھیں جبکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ، ممبران صوبائی اسمبلی اور دیگر اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

اس فلاحی پروگرام کے تحت راولپنڈی سے معذور افراد کے 1022 کیسز موصول ہوئے جن میں سے 439 افراد کو معاون آلات کی فراہمی کے لیے اہل قرار دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 51 مستحق افراد کو وہیل چیئرز، واکنگ اسٹکس اور سماعتی آلات فراہم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ معذور افراد میں معاون آلات کی تقسیم برابری، احترام اور احساس شراکت کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہمیشہ میرٹ کو ترجیح دی ہے اور تمام فلاحی اسکیمیں شفاف انداز میں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد معذور افراد کی زندگی کو آسان بنانا اور انہیں معاشرے کا فعال رکن بننے کے قابل بنانا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ اور شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تقلید قرار دیا۔