Live Updates

ج*پاکستان تحریک انصاف میاں سرفراز ٹاؤن حیدرآباد کی جانب سے اہم اجلاس

ہفتہ 31 مئی 2025 19:15

-حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2025ء) پاکستان تحریک انصاف میاں سرفراز ٹاؤن حیدرآباد کی جانب سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی قیادت نے بلاک سطح تک تنظیمی ڈھانچے کو مزید متحرک اور مؤثر بنانے کے لیے مربوط پالیسی وضع کی۔ اجلاس کی صدارت میاں سرفراز ٹاؤن حیدرآباد کے صدر عدنان خان دیسوالی نے کی، جبکہ جنرل سیکریٹری عدیل خان تنولی، سینئر نائب صدر جمیل شاہ، جوائنٹ سیکریٹری شاہد قریشی، انفارمیشن سیکریٹری فیصل مغل، نائب صدر عدنان خان یوسف زئی، جوائنٹ سیکریٹری رئیس دیسوالی، یاسر شیخ اور دیگر ذمہ داران بھی شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر عدنان خان دیسوالی نے کہا کہ تنظیمی ڈھانچے کو گراس روٹ لیول تک فعال اور متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ ہر کارکن اور رہنما اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہو اور میدانِ عمل میں سرگرم کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

ہم بانی تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے دیے گئے پُرامن ملک گیر احتجاجی اعلان پر ہمہ وقت تیار ہیں۔ قوم اب جھوٹے مقدمات اور انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی لیڈر کو جھوٹے مقدمات میں قید رکھ کر آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقِ رائے دہی کو پامال کیا جا رہا ہے۔ ہم اس انتقامی سیاست کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جب تک بانی تحریک انصاف قید میں ہیں، ہر سطح پر پُرامن احتجاج اور صدائے حق بلند کرتے رہیں گے۔معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام مہنگائی، بے روزگاری، کاروباری جمود اور پانی، بجلی، گیس جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب اذیت کا شکار ہیں۔

فارم 47 کی جعلی حکومت اور اس کے جعلی ارکان اسمبلی عوام کی تکالیف سے بے نیاز ایوانِ اقتدار میں عیش کر رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، جبکہ بجلی کے بھاری بل اور بے جا ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود ٹرانسفارمر مرمت کے اخراجات عوام کی جیبوں سے وصول کرنا کسی قومی المیے سے کم نہیں۔آخر میں عدنان خان دیسوالی نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب عوام کے معاشی اور جمہوری قتلِ عام کے مرتکب کرداروں کا احتساب ہوگا، اور ملک میں عدل، قانون کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کا سورج طلوع ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات