Live Updates

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں آگاہی سیمینار کا انعقاد

اتوار 1 جون 2025 18:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں خواتین میں ووٹ کی اہمیت اور الیکشن کمیشن کے آئینی کردار سے متعلق فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی ذیشان خان نے کی۔ سیمینار کا مقصد خواتین کو انتخابی عمل کی اہمیت، اچھی حکمرانی میں اس کے کردار اور ان کی شمولیت کی ضرورت سے آگاہ کرنا تھا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ الیکشن کمشنر تنویر احمد، محمد ارسلان جوئیہ، مینجر پروگرام پودہ فاؤنڈیشن ایڈووکیٹ ایمن زاہرہ اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر عابدہ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی بھرپور شمولیت کے بغیر کسی بھی قوم کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ممکن نہیں، خواتین کو ووٹ کے اندراج، تبدیلی، انتخابی فہرستوں کی تیاری اور الیکشن ڈے کے تمام مراحل سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ذیشان خان نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کی جانچ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس میں کریں اور اگر ان کا ووٹ درج نہیں تو فوراً اندراج کروائیں تاکہ انتخابی عمل میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ووٹ کی طاقت کو پہچانیں اور کسی مخصوص فرد کے بجائے ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو معاشرتی اور قومی بہتری کے لیے سنجیدہ ہوں۔ سیمینار میں شرکاء کو انتخابی عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات