ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ

پیر 2 جون 2025 14:17

کوہستان اپر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر طارق علی خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دوگا برسین بس حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ حادثہ میں دو افراد زخمی ہوئے، ایک زخمی کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیاجبکہ دوسرے کو تشویشناک حالت کے پیش نظر بہتر علاج کیلئے ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر طارق علی خان نے محکمہ صحت سمیت متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ واضح رہے کہ اپر کوہستان کے علاقہ دوگا برسین میں راولپنڈی سے گلگت جانے والی بس نمبر جی ایل ٹی 6105 حادثے کا شکار ہو گئی تھی، بس گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر روڈ پر الٹ گئی، حادثہ میں 13 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم بمعہ ایمبولینسز موقع پر پہنچی اور امدادی کاروائیاں شروع کیں، ریسکیو 1122 نے تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ دو زخمیوں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر داسو منتقل کر دیا، زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔