بلوچستان میں گرمی کی شدت برقرار، درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچ گیا

جنوبی اضلاع میں موسم خاص طور پر شدید گرم رہنے رہے گا، بعض علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں بھی چلنے کی توقع

پیر 2 جون 2025 14:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کا راج ہے اور آئندہ چند روز کے دوران موسم مزید گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں موسم خاص طور پر شدید گرم رہنے کا امکان ہے جب کہ بعض علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں بھی چلنے کی بھی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر شہروں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں ریکارڈ کیا گیا جو 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جبکہ تربت میں 47، نوکنڈی میں 38، اور گوادر میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

دیگر شہروں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی۔ کوئٹہ اور ژوب میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، قلات میں درجہ حرارت 28، زیارت میں 25، چمن میں 33 اور جیوانی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور گرمی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات اپنائیں۔ ماہرین کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال رواں ہفتے کے دوران برقرار رہنے کا امکان ہے۔