وٹکوف کی تجویز کی بنیاد پر غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں،مصر، قطر

ْفلسطینی علاقے میں بحران کو ختم کرنے کے لیے ثالثوں کی کوششوں کی حمایت کی جائے،مشترکہ بیان

پیر 2 جون 2025 15:03

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)مصر اور قطر نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے نقطہ نظر کو قریب لانے اور اختلافی نقاط کو حل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ کوششیں مشرق وسطی کے امریکی نمائندے سٹیو وٹکوف کی تجویز پر مبنی ہیں تاکہ اس تجویز کی بنیاد پر بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مصر اور قطر نے اپنے مشترکہ بیان میں امریکہ کے ساتھ ہم آہنگی میں غزہ مذاکرات میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام فریقوں سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے اور فلسطینی علاقے میں بحران کو ختم کرنے کے لیے ثالثوں کی کوششوں کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے غزہ میں 60 دنوں کی ایسی عارضی جنگ بندی تک جلد از جلد پہنچنے کی امید کا بھی اظہار کیا جو غزہ میں مستقل جنگ بندی کے معاہدے کا باعث بنے گی اور اس سے علاقے میں غیر معمولی انسانی بحران کے خاتمے اور سرحدوں کو کھولنے اور انسانی امداد کی فراہمی کی اجازت ملے گی۔

انہوں نے جنگ کو مکمل طور پر ختم کرنے اور گزشتہ مارچ میں قاہرہ میں منعقدہ ہنگامی عرب سمٹ کی منظور شدہ منصوبہ کے مطابق غزہ کی تعمیر نو شروع کرنے کی امید کا اظہار کیا۔