Live Updates

یو ای ٹی پشاور میں تقریب کا انعقاد،275 افغان طلباء میں ٹیبلٹس کی تقسیم

پیر 2 جون 2025 17:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) حکومت کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے تحت علامہ محمد اقبال اسکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستان کی سرکاری و نجی جامعات میں زیر تعلیم 275 افغان طلباء میں ٹیبلٹس تقسیم کیے گئے۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد یونیوروسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی سید قاسم علی شاہ ،خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سماجی بہبود و ویمن ایمپاورمنٹ تھے۔

ڈاکٹر صادق خٹک ، وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ایچ ای سی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سید قاسم علی شاہ نے طلباء میں ٹیبلٹس تقسیم کرتے ہوئے یو این ایچ سی آرکی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستا ن تاریخ، ثقافت اور مذہب کے رشتوں سے جُڑے ہوئے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد ، وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے تقریب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندگی کی۔

انہوں نے ڈیجیٹل تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی کا یہ انقلابی قدم افغان طلباء کو جدید علمی وسائل تک رسائی دے کر ڈیجیٹل خلا کو پُر کرے گا۔اس موقع پر یو این ایچ سی آرپشاور کے سربراہ کوفی دوومو، خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، ایچ ای سی ریجنل سنٹر پشاور کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ناصر شاہ، علامہ اقبال اسکالرشپ پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر جناب جہانزیب خان، یو ای ٹی پشاور کے ایڈوائزر فنانس پروفیسر ڈاکٹر مصباح اللہ ،یو ای ٹی پشاوراورایچ ای سی کے سینئر حکام سمیت مختلف جامعات کے نمائندگان موجو د تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات