کراچی ڈیفنس میں شہری پر تشدد کرنے والا مرکزی ملزم سلمان فاروقی گرفتار،تھانہ گزری میں مقدمہ عینی شاہد کی مدعیت میں درج

بااثر شخص کو ٹیکنیکل بنیاد پر گرفتار کیا گیا، ملزم سلمان فاروقی سے تفتیش کی جارہی ہے، ملزم کی گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہیڈی آئی جی سائوتھ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی،وزیرداخلہ سندھ

پیر 2 جون 2025 19:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں شہری پر تشدد کرنے والے مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کرلیا گیاہے۔کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں ایک گاڑی میں سوار شخص کی جانب سے شہری پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تشدد کرنے والے مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سائوتھ نے بتایا کہ بااثر شخص کو ٹیکنیکل بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ ملزم سلمان فاروقی سے تفتیش کی جارہی ہے، ملزم کی گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ڈی آئی جی اسد رضا نے ملزم کی گرفتار کے حوالے سے بتایا کہ ملزم کے دفتر اور گھر پر بھی چھاپے مارے گئے تھے، تاہم اب ملزم کو گرفتاری کے بعد لاک اپ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ واقعہ اتوار کی رات 8 بجے کے قریب پیش آیا تھا، نوجوان کی موٹرسائیکل ملزم سلمان کی گاڑی سے ٹچ ہوگئی تھی جس پر بااثر شخص نے نوجوان کو مارا تھا۔

سوشل میڈیا پر واقعے کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان کی بہنیں ملزم سلمان فاروقی سے ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگتی اور پائوں پڑتی رہیں اور موقع پر موجود شہریوں سے مدد طلب کرتی رہیں مگر نہ ملزم کو رحم آیا اور نہ کوئی شہری مدد کو آگے بڑھا۔ڈیفنس خیابان اتحاد میں شہری پر تشدد کے واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔پولیس نے بتایا کہ تھانہ گزری میں مقدمہ عینی شاہد محمد سلیم کی مدعیت میں درج کیا گیا اور مقدمے میں مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو نامزد کیا گیا ہے۔

مدعی نے بتایا کہ موبائل کمپنی میں سیلز منیجرہوں،اتحاد کمرشل پرریکوری کیلئے گیا تھا، ایک موٹر سائیکل سوار کا معمولی ایکسیڈنٹ ہواجس کیساتھ خواتین تھیں، کار سوار سلمان فاروقی نامی شخص نے موٹر سائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔مدعی مقدمے میں کہنا تھا کہ ملزم نے گارڈ کیساتھ ملکر اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل سوار کو گاڑی میں محصور کیا، ملزم نے موٹر سائیکل سوار کو زدو کوب کیا ،گالم گلوچ اور دھمکیاں دیں۔

مقدمے میں کہا گیا کہ موٹرسائیکل سوارکیساتھ خواتین نیمنت سماجت بھی کی، گاڑی کے مالک نے خواتین کو دھکے دیئے، مجھ سمیت باقی لوگوں نے معاملہ دیکھا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو اپلوڈ کی۔مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکیاں، تشدد ، ہجوم میں بیعزت کرنے کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سائوتھ سے مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی بااثر فرد کو استثنی حاصل نہیں۔ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی تاکہ متاثرہ شہری کو انصاف مل سکے۔