ہوائی اڈوں کے گردونواح میں پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے خطرات کی روک تھام کے لئے آگاہی مہم کا آغاز

پیر 2 جون 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) عید الاضحیٰ کے موقع پر ہوائی اڈوں کے گردونواح میں پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے خطرات کی روک تھام کے لئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس ضمن میں پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی طرف سے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر خصوصی سیشنز کا انعقاد کیا گیا اور گردونواح میں مقیم شہریوں کے لئے آگاہی کا اہتمام کیا گیا۔

ایئرپورٹ کے اطراف مختلف مقامات پر بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔ ایئرپورٹ آنے والے مسافروں میں عید الاضحیٰ پر صفائی آگاہی سے متعلق پمفلٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ ایئرپورٹ کے قرب و جوار کے رہائشیوں میں بھی آگاہی پمفلٹس بانٹے جا رہے ہیں۔ عید الاضحیٰ کے حوالے سے صفائی آگاہی مہم کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور دیگر باقیات کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

یہ باقیات پرندوں کو اپنی طرف راغب کر سکتی ہیں جس سے پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے ممکنہ خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ اس حوالے سے نماز جمعہ و عید کے خطبات میں شہریوں سے عید الاضحیٰ پر صفائی کو یقینی بنانے کی اپیل کی جائے گی۔ اس حوالے سے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے آگاہی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ائیرپورٹ کے قریب کے مکین عیدالاضحی کے موقع پر اپنے گھروں اور قربانی کی جگہوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں،قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ہوائی اڈوں کے آس پاس نہ پھینکیں، کیونکہ ان سے پرندے جمع ہو کر ہوائی جہازوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

ذرا سی لاپرواہی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اپنے پیاروں اور دوسروں کی حفاظت کے لیے احتیاط برتیں، قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مقررہ جگہوں پر پہنچائیں تاکہ ان کو با آسانی ٹھکانے لگایا جا سکے۔ آلائشوں کو سڑکوں، گلیوں، نالیوں یا کسی خالی پلاٹ میں پھینکنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے بیماریاں بھی پھیل سکتی ہیں، قربانی کے جانوروں کی باقیات کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں تاکہ تعفن اور گندگی سے بچا جا سکے۔