Live Updates

الخدمت فانڈیشن کے زیر اہتمام ’بنو قابل‘پروگرام کی گریجویشن تقریب، 401نوجوانوں کو ڈیجیٹل ہنر سکھا کر بااختیار بنادیا گیا

جماعت اسلامی نوجوانوں کو باعزت روزگار حاصل کرسکنے کیلئے تعلیم کے ساتھ ہنر سے بھی لیس کر رہی ہے،عنایت اللہ خان

پیر 2 جون 2025 20:55

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)سوات میں الخدمت فانڈیشن کے زیر اہتمام "بنو قابل" پروگرام کے تحت منعقدہ گریجویشن تقریب میں 401نوجوانوں، جن میں بڑی تعداد طالبات کی بھی شامل تھی، کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس اور گرافکس ڈیزائننگ کے کورسز مکمل کرنے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تربیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کے قابل بنانے کیلئے جماعت اسلامی کے وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت گھریلو خواتین بھی آن لائن پلیٹ فارمز پر کام کر کے اپنی آمدنی حاصل کر رہی ہیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی و سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان تھے۔ اس موقع پر الخدمت فانڈیشن خیبرپختونخوا کے صدر فضل محمود، امیر جماعت اسلامی ضلع سوات حمید الحق، صدر الخدمت ضلع سوات ضیا اللہ خان، ڈاکٹر خالد فاروق،شبیر احمد اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ خان نے کہا کہ "بنو قابل" پروگرام جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن کا ایک وژن ہے، جس کے تحت خیبرپختونخوا میں 10000اور ملاکنڈ ڈویژن میں 1200نوجوانوں کو عملی ہنر سکھایا گیا۔

ان کورسز کے ذریعے سوات کے 401طلبا وطالبات کو بھی ہنر سکھائے گئے ہیں اور آج کئی نوجوان، بالخصوص لڑکیاں، تعلیم کے ساتھ ساتھ گھر بیٹھے آن لائن روزگار حاصل کر کے اپنے خاندان کی کفالت میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی صرف تقریروں اور نعروں تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کو باعمل، باہنر اور خودمختار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ وہ ملک سے باہر روزگار کے لیے جانے پر مجبور نہ ہوں۔

عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطاب میں اعلان کیا کہ 14 اگست کو "بنو قابل 2" پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، جس میں ہزاروں لڑکے اور لڑکیاں شرکت کریں گے، اورجون کے مہینے میں ایک بڑا کانووکیشن بھی منعقد ہوگا۔ اس موقع پر مقررین نے الخدمت فانڈیشن کی خدمات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو باہنر اور خود کفیل بنانے کے اس سفر کو مزید وسعت دی جائے گی۔ تقریب میں کورس مکمل کرنے والے طلبا وطالبات نے بھی اپنے تجربات شرکا کے ساتھ شیئر کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات