طلباء اپنی تعلیم پر زیادہ توجہ دیں،تعلیمی ماحول خراب کرنے سے اجتناب کریں،سینیٹر شاہی سید

پیر 2 جون 2025 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) وفاقی اُردو یونیورسٹی کے وفد نے عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔جامعہ اُردو سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد میں انچارج گلشن اقبال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان، رجسٹرار سعدیہ خلیل اور کیمپس آفیسر عدنان اختر شامل تھے۔

(جاری ہے)

سینیٹر شاہی سید نے اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے تعلیمی معیار کو بہتر کرنا ہو گا۔

اس کے لیے طلبہ اور اساتذہ کو محنت کرنا ہو گی اور طلبہ کو تعلیم پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اے این پی عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے اور جو بھی شرپسند عناصر ہوں گے اس کا اے این پی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی ماحول بہتر کرنے کے لیئے ہم آپ کا ہر ممکن ساتھ دیں گے اور ہماری پارٹی کا منشور بھی پرامن جدوجہد اور عدم تشدد کو فروغ دینا ہے۔