Live Updates

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور روسی سفارتخانے کے اشتراک سے علمی و ثقافتی تقریب کا انعقاد

منگل 3 جون 2025 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور روسی سفارتخانہ کے اشتراک سے ایک علمی و ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد پاکستانی طلبہ کو روسی جامعات میں اعلیٰ تعلیم، سکالرشپس اور تعلیمی سہولیات سے آگاہ کرنا تھا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی روسی سفارتخانے کی سیکرٹری برائے تعلیم و ثقافت الینا کولیسنکووا نے روسی جامعات میں پاکستانی طلبہ کے لئے دستیاب تعلیمی مواقع، داخلہ پالیسیوں، مختلف فیکلٹیز، سکالرشپس اور بین الاقوامی طلبہ کے لئے فراہم کردہ سہولیات پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

ان کا کہنا تھا کہ روسی تعلیمی ادارے پاکستانی طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا جاتا ہے۔تقریب کے ثقافتی حصے میں ''روسی ٹَنگ ٹویسٹرز'' کا ایک دلچسپ اور مہارت طلب مقابلہ منعقد ہوا جس میں طلبہ نے روانی، تلفظ اور اعتماد کے ساتھ شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس مقابلے میں راحت علی نے پہلی، ساد احمد خان نے دوسری اور شہریار خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

رشین لینگویج سینٹر کی ٹیچر ایکٹرینا اینڈریٹس نے اس سرگرمی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے زبان سیکھنے کے عمل کو مؤثر اور دلچسپ بناتے ہیں۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج ڈاکٹر زاہد مجید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور روسی وزارتِ تعلیم کے درمیان گزشتہ چار برسوں سے مثالی تعلیمی تعاون جاری ہے جس کے نتیجے میں 'رشین لینگویج سینٹر' کا قیام عمل میں آیا۔

اس سینٹر کا دوسرا بیچ اس وقت تربیت حاصل کر رہا ہے جو 31 جولائی کو اپنی تکمیل کو پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی قیادت میں یونیورسٹی بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے اور روس کے ساتھ اشتراک ان کوششوں کا اہم حصہ ہے۔تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا جس میں طلبہ نے روسی تعلیمی نظام، کورسز کی ساخت، سکالرشپس کے حصول کے طریقہ کار اور ان کی عملی زندگی میں افادیت سے متعلق متعدد سوالات کئے۔یہ تقریب پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم اور مؤثر پیش رفت ثابت ہوئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات