وزیر علی پرویز ملک نے باکو انرجی ویک میں پاکستان کے توانائی وڑن کو عالمی دنیا کے سامنے پیش کردیا

منگل 3 جون 2025 17:00

باکو/ آذربائیجان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے باکو انرجی ویک میں ’’مستحکم اور پائیدار توانائی کے مستقبل کیلئے عالمی تعاون ‘‘کے عنوان سے منعقدہ منسٹیریل پلینری اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے پاکستان کے پائیدار اور مضبوط توانائی کے مستقبل کے عزم کو اجاگر کیا۔ یہ تقریب باکو انرجی فورم کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوئی، جہاں وزیر ملک نے آذربائیجان کے توانائی وزیر پرویز شہبازوف کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس فورم کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا عہد کیا تاکہ فوسل فیول پر مبنی قابل تجدید ایندھن کے استعمال کی طرف منتقلی ممکن بنائی جا سکے۔ اپنے خطاب میں وزیر علی پرویز ملک نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی جانب سے متوازن، جامع اور پائیدار توانائی کے ماڈل کی حکمت عملی کو بیان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو ادراک ہے کہ صنعتی ترقی کی طرف منتقلی کے دوران توانائی کی طلب بڑھے گی، جس کیلئے قابل تجدید توانائی اور ٹیکنالوجیز کو ہماری توانائی کی منصوبہ بندی میں شامل کرنا ضروری ہے،ایک اور اہم پہلو پالیسی میں ہم آہنگی ہے۔

اس مقصد کیلئے وزیراعظم کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے تاکہ پٹرولیم اور بجلی کے شعبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقامی ایکسپلوریشن کو فروغ دے کر گیس کے انفراسٹرکچر کو وسعت دے رہے ہیں،ہم آذربائیجان کی حکومت اور دیگر دوست ممالک کا شکرگزار ہیں جو مقامی گیس کے وسائل کی دریافت میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ توانائی بچت کے حوالے سے بھی متعدد حکمت عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں،معاشی چیلنجز کے باوجود پاکستان گیس کے شعبے کے مسائل کو ختم کرکے اور اصلاحات نافذ کرکے پائیدار بنانے کا عزم رکھتا ہے،ہم ایک پائیدار توانائی کا شعبہ تعمیر کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اور اصلاحات وزیراعظم کے وژن کی بنیاد ہیں ،اس پلینری اجلاس میں آذربائیجان کے توانائی وزیر جناب پرویز شہبازوف، ترکی کے نائب وزیر توانائی، اور یورپی کمیشن کی ڈائریکٹر برائے توانائی محترمہ کرسٹینا سمیت دیگر معزز شرکاء شامل تھے۔