Live Updates

اسلام آباد کے 25ہزار طلباء وطالبات میں سپورٹس کٹس اور ٹریک سوٹس فراہمی کا عمل شروع

وزیراعظم کی قیادت میں نوجوانوں کو کھیلوں سمیت ہر شعبے میں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں،رانا ثناء اللہ خان

منگل 3 جون 2025 17:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے بچوں اور بچیوں کو سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے تمام ممکن وسائل مہیا کرے گی۔

وہ منگل کے روز اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات میں سپورٹس کٹس اور ٹریک سوٹس تقسیم کرنے کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر، وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ، اور رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پہلے ان سہولیات سے صرف نجی تعلیمی اداروں کے طلباء استفادہ کر رہے تھے، لیکن اب وفاقی تعلیمی اداروں کے بچے بھی سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے بچے اور بچیاں ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں گے تو ملک میں ایک صحت مند سپورٹس کلچر فروغ پائے گا۔ بچپن سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی عادت صحت مند اور متوازن زندگی کی بنیاد رکھتی ہے۔

مشیر بین الصوبائی رابطہ نے اس پروگرام کے آغاز پر وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی اور ڈی جی سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ یہ سہولیات اسلام آباد کے ہر سرکاری تعلیمی ادارے کے طالب علم تک پہنچنی چاہئیں۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ اس ضمن میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی کی جانب سے رانا ثناء اللہ اور ڈی جی سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری اسکولوں کے طلبائ کو براہِ راست کھیلوں میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے کہا کہ طلباء کی بڑی تعداد کو دیکھ کر اٴْنہیں اپنا اسکول کا زمانہ یاد آگیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سرکاری اسکولوں کے 25 ہزار طلباء میں ٹریک سوٹس، جاگرز اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا جائے گا۔ ہر طالب علم کو اپنی پسند کے کھیل میں شرکت کا موقع ملے گا اور پاکستان سپورٹس بورڈ انہیں پیشہ ور کوچز بھی فراہم کرے گا۔

یاسر پیرزادہ نے بتایا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران طلباء کے لیے خصوصی سپورٹس سرگرمیوں کا شیڈول بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان نے ابتدائی دن سے ہی ہدایت دی تھی کہ سپورٹس بورڈ کی سہولیات عام افراد کے لیے بھی دستیاب ہونی چاہئیں۔تقریب کے اختتام پر رانا ثناء اللہ خان نے اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات میں سپورٹس کٹس اور ٹریک سوٹس تقسیم کیے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات