سائیکل کو اپنا کر صحت اور قدرتی ماحول کو بچایا جا سکتا ہے‘ مریم نواز

شہروں میں ازسرنو سائیکلنگ کے کلچر کی اہمیت کا عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے،وزیراعلیٰ

منگل 3 جون 2025 21:33

سائیکل کو اپنا کر صحت اور قدرتی ماحول کو بچایا جا سکتا ہے‘ مریم نواز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سائیکل کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ سائیکل انسانی صحت اور تحفظ ماحولیات کے لئے بہترین سواری ہے،سائیکل کو اپنا کر صحت اورقدرتی ماحول کو بچایا جا سکتا ہے۔شہروں میں ازسرنو سائیکلنگ کے کلچر کی اہمیت کا عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ یورپ میں آج بھی سائیکل کو بطور سواری استعمال کیا جاتا تو یہاں کیوں نہیں۔

(جاری ہے)

سائیکل نہ صرف ایندھن کی بچت کرتی ہے بلکہ آلودگی اور بیماری سے بچاتی ہے۔سکول اور کالجز کے طلبہ کو سائیکلنگ کی ترغیب دی جائے۔ طلبہ کو سائیکل کے استعمال کے فوائد سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی کے لئے سائیکل کے استعمال کو ترجیح دی جانی چاہیے۔یو این او بھی 2018 سے سائیکل کو سستی اور ماحول دوست سواری قرار دے کر اسکی اہمیت کا اقرار کر چکی ہے۔ صحت مند اور محفوظ ماحول کے لئے سائیکلنگ کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔