Live Updates

بھارت، حزب اختلاف کی 16جماعتوں کا مودی سے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ

بدھ 4 جون 2025 14:52

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) بھارت میں حزب اختلاف کی 16جماعتوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے پہلگام واقعے اورآپریشن سندھور پر بحث کے لئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کے رہنمائوں جے رام رمیش، سنجے رائوت ،رام گوپال یادو ،ڈیریک اوبرائن ، دپیندر ہڈا اور منوج جھا نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ اگر بیرون ملک کثیر جماعتی وفودبھارت کا موقف پیش کرسکتے ہیں تو پارلیمنٹ میں حکومت بحث کیوں نہیں کراسکتی؟ اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں نے وزیراعظم مودی کو مشترکہ طورپر خط لکھ کر پاکستان کے خلاف آپریشن سیندور پر بحث کیلئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں دارالحکومت دہلی میں اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں کی میٹنگ ہوئی۔ اس میں کانگریس، ترنمول کانگریس، راشٹریہ جنتا دل، سماج وادی پارٹی، شیو سینا (یو بی ٹی)،نیشنل کانفرنس، سی پی ایم، آئی یو ایم ایل، سی پی آئی، ریوولوشنری سوشلسٹ پارٹی، ڈی ایم کے، سی پی آئی(ایم ایل)سمیت دیگر جماعتوں کے لیڈران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں انڈیا بلاک کے ممبران پارلیمنٹ نے خصوصی اجلاس بلائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی کے نام ایک خط پر دستخط کئے ہیں۔

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش اور دپیندر ہڈا، ترنمول کانگریس کے لیڈر ڈیرک اوبرائن، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، راشٹریہ جنتال کے لیڈر منوج جھا اور شیو سینا (یو بی ٹی)کے لیڈرسنجے رائوت نے میٹنگ میں شرکت کی۔عام آدمی پارٹی میٹنگ میں شامل نہیں ہوئی لیکن اس نے علیحدہ طورپر وزیر اعظم مودی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میٹنگ کے بعد دپیندر ہڈانے پریس کانفرنس میں کہاکہ پہلگام حملے کے بعد کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے جوابی کارروائی کے لئے حکومت کی مکمل حمایت کی تھی۔

اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا جائے تاکہ حکومت اس پورے معاملے پر اپنا موقف پیش کرسکے۔ ہڈا نے کہا کہ جب حکومت دوسرے ممالک میں اپنی بات رکھ رہی ہے اور اپنے کئی وفود وہاں بھیج چکی ہے توملک کی پارلیمنٹ میں بھی ان مسائل پر گفتگو ہونی چاہئے کیونکہ پارلیمنٹ سے ملک کے کروڑوں عوام کے جذبات وابستہ ہیں۔ ترنمول کانگریس کے لیڈرڈیرک اوبرائن نے کہاکہ16 جماعتوں نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔

حکومت پارلیمنٹ کو جوابدہ ہے اورپارلیمنٹ ملک کے عوام کو جوابدہ ہے۔ اسی لئے ہم پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے سنجے رائوت اور منوج جھا نے بھی خطاب کیا ۔ ان دونوں نے بھی وہی مطالبہ دہرایا کہ خصوصی اجلاس فوری طور پر بلایا جانا چاہئے ۔واضح رہے بھارتی حکومت پاکستان کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد اپنے عوام سے حقائق چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات