Live Updates

آئی ایم ایف کی آئندہ مالی سال میں کفایت شعاری پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت

تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں میں نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہوگی، بجلی اور گیس بلز کو محدود رکھا جائے گا، غیرضروری ضمنی گرانٹس کے اجراء پر بھی پابندی ہوگی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 4 جون 2025 20:37

آئی ایم ایف کی آئندہ مالی سال میں کفایت شعاری پر سختی سے عملدرآمد کرنے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 جون 2025ء ) آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کفایت شعاری پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کردی ہے ، جس کے تحت تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں میں نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہوگی، وفاقی وزارتوں اور محکموں بجلی اور گیس بلز کو محدود رکھا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نئے وفاقی بجٹ کا مجموعی حجم 17 ہزار 500 ارب روپے مقرر کئے جانے کا تخمینہ ہے۔

مالی سال 2025-26 کیلئے ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 14 ہزار 100 ارب روپے ہوگا۔ اسی طرح آئی ایم ایف کی شرط پر ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 14 ہزار 300ارب روپے تھا۔ آئندہ مالی سال سود کی مد میں ادائیگیوں کیلئے لگ بھگ 9 ہزار ارب روپے کا تخمینہ ہے۔ وفاق کی جانب سے گرانٹس کی مد میں اخراجات کیلئے ایک ہزار 620 ارب کا تخمینہ ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ مالی سال کیلئے صوبائی حکومتوں سے 1200 ارب سرپلس ملنے کا تخمینہ ہے۔

مقا می قرض اور سود کی ادائیگی پر 7 ہزار 700 ارب ادائیگی کا تخمینہ ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 700 ارب اور سبسڈی کی مد میں ایک ہزار 400 روپے مختص کرنے کا تخمینہ ہے۔ ذرائع کے مطابق شیئرز کے منافع اور چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکس کی شرح کو بڑھایا جائے گا، چھوٹی گاڑیوں پر سیلزٹیکس 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت بجٹ اہداف کی منظوری کیلئے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں چاروں صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی ترقیاتی پلان ، پی ایس ڈی پی اور میکرواکنامک اہداف پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں معاشی شرح نمو، زراعت، صنعت اور سروسز سیکٹر کے اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات