مودی حکومت کیطرف سے”وقف امید پورٹل“ کے قیام کا اقدام غیرقانونی ہے، مسلم پرسنل لابورڈ

جمعرات 5 جون 2025 12:06

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے ” وقف امید “کے نام سے ایک ویب پورٹل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں وقف جائیدار کے اندراج کو لازمی قراردیا جائےگا۔ یہ پورٹل کل چھ جون سے شروع کیا جائے گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم پرسنل لا پورڈ سمیت تمام مسلم تنظیموں نے مذکوہ پورٹل کے قیام پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مستردکردیا ہے۔

حزب اختلاف کی جماعتوں ، انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت سکھ ، مسیحی اور دیگر اقلیتی تنظیموں نے بھی اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متنازعہ وقف قانون 2025اس وقت سپریم کورٹ میں زیر غور ہے تاہم اس کے باوجود حکومت 6جون سے ”وقف امید پورٹل“قائم کر رہی ہے اور اس میں وقف جائیدا کے اندراج کو لازمی قراردے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ صریحاً ایک غیر قانونی اقدام ہے اور واضح طور پر عدالت کی توہین ہے ۔اس نے کہا کہ مسلم پرسنل لابورڈ اس پورٹل کی سخت مخالفت کرتا ہے اور تمام مسلمانوں اور وقف بورڈوں سے اپیل کرتا ہے کہ جب تک عدالت اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہ کرے ، وقف املاک کا اس پورٹل میں اندراج سے گریز کریں۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے مزید کہا کہ مسلم پرسنل لابورڈ عنقریب حکومت کے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کر ے گی۔