ملیر جیل سے فرارہونے والے قیدی کی خودکشی‘ گھر سے پھندا لگی لاش ملی

مفرور قیدی کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی ہے جس کے خلاف مارچ 2022 کو منشیات کا مقدمہ درج ہوا تھا.رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 5 جون 2025 14:13

ملیر جیل سے فرارہونے والے قیدی کی خودکشی‘ گھر سے پھندا لگی لاش ملی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 جون ۔2025 )کراچی کی ملیر جیل سے فرارہونے والے قیدی کی ماڑی پور کے علاقے میں میں گھر سے پھندا لگی لاش ملی ہے نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی، ریسکیو ورکرز نے ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو ہسپتال منتقل کیا.

پولیس حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ماڑی پور میں خودکشی کرنے والا شخص ملیر جیل کا مفرور قیدی تھا، یہ مفرور قیدی عیدگاہ تھانے میں درج منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہوکر ملیر جیل گیا تھا خود کشی کرنے والے مفرور قیدی کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی ہے جس کے خلاف 30 مارچ 2022 کو مقدمہ درج ہوا تھا.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پیر کے روز ملیر جیل میں زلزلے کے دوران قیدیوں کو بیرکوں سے نکالنے کے بعد 216 قیدی فرار ہوگئے تھے پولیس اور متعلقہ ادارے ملیر ڈسٹرکٹ جیل سے فرار ہونے والے 216 قیدیوں میں سے باقی ماندہ 111 کی تلاش کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں.

بدھ کو حکام نے تصدیق کی کہ اب تک 105 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کیا جاچکا ہے حکام کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب 216 قیدی فرار ہوئے جن میں سے ابتدائی طور پر 83 کو منگل کی شب تک گرفتار کر لیا گیا تھا. گزشتہ روزوزیر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے ملیر جیل کا دورہ کیا، اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ اب تک 105 قیدی واپس آ چکے ہیں، جب کہ 111 اب بھی فرار ہیں، سیکیورٹی سخت کرنے کے بعد قیدیوں سے اہل خانہ کی ملاقاتوں کا سلسلہ بحال کر دیا گیا ہے.