پنجاب زکوة و عشر کونسل کا اجلاس ،زکوة کی رقم حقیقی مستحقین تک شفافیت سے پہنچانے کا عزم

زکوة کی مقدس امانت میں خیانت و خرد برد کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ مستحق مریضوں کے مفت علاج و معالجے کے طریقہ کار کو سہل اور آسان بنانے کے لئے سفارشات طلب

جمعرات 5 جون 2025 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب راشد اقبال نصر اور چیئرمین پنجاب زکو ة و عشر کونسل رانا منور حسین کی زیر صدارت کونسل کا 34واں اجلاس ہوا۔ زکوة کی رقم حقیقی مستحقین تک شفافیت سے پہنچانے کا عزم کیا گیا۔ اجلاس میں کل 4ایجنڈے پیش کیے گئے۔ اجلاس میں پنجاب زکوة و عشر کونسل کے 33ویں اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

تقسیم زکوة کے طریقہ کار میں آسانی، جدت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایات کی گئیں۔ زکوة کی مقدس امانت میں خیانت و خرد برد کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ زکوة و عشر کی خدمات کو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زکوة و عشر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ذیلی کمیٹی برائے فراہمی روزگارسکیم (ای بائیکس)کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ پروکیورمنٹ کمیٹی برائے ای بائیکس کی تشکیل بھی عمل میں لائی گئی۔ محکمہ زکوة و عشر کے حالیہ پروگرامز میں بہتری کے لئے ذیلی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ مستحق مریضوں کے مفت علاج و معالجے کے طریقہ کار کو سہل اور آسان بنانے کے لئے سفارشات طلب کی گئی۔ معاون خصوصی برائے زکوة و عشر وزیر اعلی پنجاب راشد اقبال نصر اللہ نے کونسل سے خطاب کیا۔

معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب راشد اقبال نصر اللہ کا کہنا تھا کہ زکوة رقم کی تقسیم میں خیانت کرنے والوں کے خلاف نہ صرف محکمانہ کارروائی ہو گی بلکہ انکو گرفتار بھی کیا جائے گا۔ زکوة و عشر کونسل کے فرائض سنت نبوی پر عمل پیرا ہو کر ادا کریں گے۔ محکمہ زکو ة و عشر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔ پاکستان میں سب سے زیادہ لوگ فلاحی کاموں میں حصہ لیتے ہیں۔