Live Updates

مسیحی برادری کی جانب سے مسلمان بھائیوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد

جمعرات 5 جون 2025 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) مسیحی روحانی پیشوا آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے مسلمان بھائیوں کو مسیحی برادری کی جانب سے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسلم بہن بھائی عقیدت کے ساتھ عید الاضحیٰ منا ئیں گے، میں اس با برکت موقع پر انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ مبارک تہوار ایثار و قربانی ، پیار ، محبت ، بھائی چارے اور یگانگت کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم دنیا میں امن اور محبت کو پھیلائیں گے اور اپنے طرز عمل سے خاندانوں میں محبت،اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ بہت ساری معاشی اور سماجی مشکلات میں دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ رکھنے والے تمام لوگوں کو دکھی اور غمزدہ انسانیت کی خاطر اپنے مال و دولت سے حاجت مندوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے ملک کے تمام لوگ یکساں طور پر عید کی خوشیا ں منا سکیں، عید کے مبارک موقع پر ہم اپنے ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھی دعا مانگیں تاکہ ہمار ا ملک ہمیشہ سلامت رہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات