چیف جسٹس عدالت العالیہ آزادکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ کی ریٹائر منٹ پر فل کورٹ ریفرنس

جمعرات 5 جون 2025 22:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) چیف جسٹس عدالت العالیہ آزادکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ کی ریٹائر منٹ پرعدالت العالیہ آزادکشمیر میں فل کورٹ ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ،فل کورٹ ریفرنس میں جسٹس عدالت العالیہ آزاد کشمیر سینئر جج جسٹس سردار لیاقت حسین ، جسٹس عدالت العالیہ آزاد کشمیر سید شاہد بہار ، جسٹس عدالت العالیہ آزادکشمیر سردار محمد اعجاز خان اور جسٹس عدالت العالیہ آزادکشمیر چوہدری خالد رشید نے شرکت کی ، فل کورٹ ریفرنس میں جسٹس ریٹائرڈ ہائی کورٹ آزادکشمیر میاں عارف حسین،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ، قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد ، رجسٹرار عدالت العالیہ آزادکشمیر راجہ اطہر علی خان ،ایڈووکیٹ جنرل آزاد کشمیر شیخ مسعود اقبال ، چیئرمین انکم ٹیکس ٹربیونل شیخ راشد مجید، چیئرمین انوائرمنٹل ٹریبونل راجہ راشد نسیم ، جج آزادجموں و کشمیر الیکشن ٹربیونل حافظ سردار محمد اکرم، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفر آباد جہانگیر احمد جرال سیکرٹری قانون ، انصاف و پارلیمانی امور چوہدری محمد سجاد ، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، وائس چیئرمین آزادجموں و کشمیر بار کونسل عقاب احمد ہاشمی ، ممبران بار کونسل ، جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بار راجہ ظفر عمر ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار سید مہرعلی بخاری ، صدر سینٹرل بار سید انیس الحسن گیلانی ، سیکرٹری جنرل سینٹرل بار توفیق احمد چوہدری ، نائب صدر سینٹرل بار آسیہ رفیق ایڈووکیٹ ، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق،جج سمیت وکلاء صاحبان اور آفیسرز کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ، اس موقع پر فل کور ٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عدالت العالیہ آزادکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا کہ جب عہدہ سنبھالا تو نظام میں بہتری کے لیے کام شروع کیا ، نظام سے خامیوں کا خاتمہ کیا ، ہمیشہ اپنا آئینی کردار ادا کیا ، فاضل ججز عدالت العالیہ کی مشاورت اور بھرپور معاونت سے پرانے مقدمات کو یکسو کیا ،عدالتی نظام کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق چلانے اور ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں ،فل کورٹ ریفرنس کے اختتام پر ججز صاحبان عدالت العالیہ کی جانب سے چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں ۔