Live Updates

بیلاروس کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کا ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

جمعرات 5 جون 2025 22:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) بیلاروس کی ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس کے کمانڈر میجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فضائی طاقت اور عسکری تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اپنی ایئر فورسز کے درمیان قریبی اور مسلسل رابطے کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

جمعرات کو آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق میجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عسکری تعلقات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاک فضائیہ بیلاروس ایئر فورس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پائلٹس اور مینٹی نینس عملے کی بنیادی سے لے کر حربی سطح کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ایئر فورسز کے درمیان تعاون کو بڑھانے خاص طور پر تربیت، ٹیکنالوجی کے فروغ اور آپریشنل صلاحیتوں کے شعبوں میں شراکت کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں فضائی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جس میں پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اعلیٰ سطحی تبادلہ پروگرامز کا آغاز شامل ہے۔

میجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ نے پاک فضائیہ کی جانب سے گرم جوش مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دیرینہ دوستی کے رشتے کو سراہا۔ انہوں نے جنگی حالات میں پاک فضائیہ کے تجربات سے سیکھنے میں بیلاروس ایئر فورس کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور پیچیدہ آپریشنل ماحول میں کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے بیلاروس ایئر فورس کے عملے کے لیے پاک فضائیہ کی جانب سے منظم اور باضابطہ تربیتی پروگرامز شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی جو استعداد کار اور آپریشنل مہارت میں اضافے کا باعث بنیں گے۔دورے کے دوران بیلاروس کے ایئر فورس کمانڈر نے پاک فضائیہ کے سربراہ کو بیلاروس میں ہونے والے اہم دفاعی پروگرامز میں شرکت کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

فریقین نے اس دورے کی تفصیلات طے کرنے پر اتفاق کیا تاکہ تزویراتی مکالمے کو آگے بڑھایا جا سکے اور دفاعی تعاون کے نئے امکانات تلاش کیے جا سکیں۔میجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ کا یہ دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان اور بیلاروس اپنے عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں اور مستقبل میں بھی قریبی تعاون کو جاری رکھیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات