آر پی او کا ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں کا دورہ، کھلی کچہریوں کا انعقاد،پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا

جمعرات 5 جون 2025 20:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے عوامی شکایات کے ازالے اور پولیس کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈی جی خان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی پی او سید علی کے ہمراہ تھانہ کوٹ چھٹہ اور تھانہ گدائی کے علاقے لوہار والا میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جن میں شہریوں، انجمن تاجران، گڈز ٹرانسپورٹ، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آر پی او نے کھلی کچہریوں میں شہریوں کی شکایات سن کر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھلی کچہریاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

آر پی او نے پولیس افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن کوٹ چھٹہ، چوکی لوہار والا، ایس ڈی پی او آفس اور خدمت مرکز کوٹ چھٹہ کے سرپرائز دورے کیے اور تمام شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے تفتیش، ریکارڈ کی تکمیل، سیکیورٹی انتظامات، مال خانہ، حوالات، بیرکس اور اسلحہ خانہ سمیت تمام امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش میرٹ پر کی جائے اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر امن کمیٹی اور انجمن تاجران کے ساتھ بھی خصوصی اجلاس کیے۔ امن کمیٹی سے ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام پر مشاورت کی گئی جبکہ انجمن تاجران کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔آخر میں آر پی او نے واضح کیا کہ سائلین سے خوش اخلاقی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور کسی بھی ناجائز حراست یا تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جرائم پیشہ عناصر، اشتہاریوں، منشیات فروشوں اور بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔