صوبائی وزیر لیبر کی ہدایت پر لیبر سیفٹی کے مؤثر نفاذ کے لیے کارروائیاں شروع

جمعرات 5 جون 2025 22:20

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) صوبائی وزیر برائے لیبر کی خصوصی ہدایت پر محکمہ لیبر نے لیبر سیفٹی قوانین کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے بہاول پور ڈویژن میں حفاظتی اقدامات کے تحت کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مقصد کے تحت ڈویژن بھر میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو صنعتی اداروں،بھٹہ جات، فیکٹریوں اور ورکشاپس میں حفاظتی تدابیر و اصولوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیں گی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر بہاول پور ملک محمد فاروق کے مطابق یہ اقدام کارکنان کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور کام کی جگہوں کو محفوظ وسازگار بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے کیونکہ مزدور کا تحفظ پاکستان کی معیشت کے تحفظ کے مترادف ہے۔اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی ٹیمیں موقع پر جا کر معائنہ کریں گی اور لیبر سیفی ایکٹ کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈائریکٹر لیبر ملک فاروق نے کہا ہے کہ صنعتوں میں حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی مزدوروں کی زندگیوں کو شدید خطرات سے دوچار کر سکتی ہے۔ اس لیے تمام فیکٹریوں،بھٹہ جات اور دیگرکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی حدود میں حفاظتی اقدامات کو فوری طور پر یقینی بنائیں۔