Live Updates

عید الضحیٰ کا مبارک تہوار ایثار و قربانی ، پیار ، محبت ، بھائی چارے اور یگانگت کا درس دیتا ہے،آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

جمعہ 6 جون 2025 15:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) راولپنڈی کے مسیحی روحانی پیشوا آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا ہے کہ عید الضحیٰ کا مبارک تہوار ایثار و قربانی ، پیار ، محبت ، بھائی چارے اور یگانگت کا درس دیتا ہے ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مسلمان بھائیوں کو مسیحی برادری کی جانب سے عید الاضحی کی مبارکباد دی اور کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسلم بہن بھائی عقیدت کے ساتھ عید الاضحی منا رہے ہیں۔

مسیحی برادری کی جانب سے میں اس با برکت موقع پر مسلم بہن بھائیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید الاضحی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔عید الاضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم دنیا میں امن اور محبت کو پھیلائیں گے اور اپنے طرزِ عمل سے خاندانوں میں محبت،اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بہت ساری معاشی اور سماجی مشکلات میں دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ رکھنے والے تمام لوگوں کو دکھی اور غمزدہ انسانیت کی خاطر اپنے مال و دولت سے حاجت مندوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے ملک کے تمام لوگ یکساں طور پر عید کی خوشیا ں منا سکیں۔

عید کے مبارک موقع پر ہم اپنے ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھی دعا مانگیں تاکہ ہمار ا ملک ہمیشہ سلامت رہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات