عید الاضحی کا پیغام ایثار و قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غرباء کو خوشیوں میں شامل کرنا ہے‘جاوید قصوری

جمعہ 6 جون 2025 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عید الاضحی ،آج ہی کا وہ دن ہے کہ جس دن حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی قربانی ربِ قدوس کی بارگاہِ مقدس میں پیش کی تھی، یہ تہوار جو ہمیں اپنے پیغمبر کی قربانی کے جذبے سے جو پیغام دیتا ہے ہم اُس سے روگردانی کر جاتے ہیں۔

ایک رسمی دن کی طرح اُسے منا کر گزار دیتے ہیں جبکہ یہ دن ہمیں اپنی ضروریات، خواہشات کو قربان کرکے غرباء، مساکین، یتیموں میں خوشیاں بانٹنے کا درس دیتا ہے۔اپنی خوشیوں میں غربا ء کو شامل کر نا ہی عید الضحیٰ کا اصل پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید محض عمدہ پوشاک، بناوٹ،سجاوٹ سیرو تفریح کا نام نہیں ایثار کی اصل روح کو اُجاگر کرنے کا نام عیدالاضحی یعنی قربانی ہے ۔

(جاری ہے)

عیدِ قرباں کا فلسفہ، سیدھا سادہ سا ہے کہ اپنی تمام تر خواہشات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حکمِ ربی کے آگے من و عن سرِ تسلیم خم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ رسولِ عربیؐ نے بھی امتِ مسلمہ کے لیے دو دن خوشیاں منانے کے لیے عطا فرمائے جنہیں ہم عیدالفطر اور عیدالاضحٰی کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ اسلام دینِ فطرت ہے، اسلام میں خوشی اور غم ہر موقع پر گناہوں سے پر ہیز کیا جاتا ہے،آج امتِ مسلمہ جن مسائل اور حالات سے دوچار ہے اس کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے کہ ہم نے اپنے دینی شعار کی اصل روح کو بھلا دیا ہے۔

انہوں نے آج کے دن غزہ کے مظلومین کو یاد کرتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ میڈیا کے مطابق زمینی دراندازی، شہری علاقوں میں قابض افواج کی تعیناتی، غیر منصفانہ جبری بے دخلی کی پالیسیوں اور بھاری بمباری کے ذریعے فلسطینی شہریوں کو ان کے گھروں، علاقوں، زمینوں اور املاک تک رسائی سے روک کر اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے کل جغرافیائی رقبے کے 77 فیصد حصے پر قبضہ کرلیاہے۔ مسلم ممالک زبانی کلامی مذمتی بیانات سے آگے بڑھیں۔ اسرائیل غزہ پر قابض ہو گیا تو آس پاس کے مسلم ممالک بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اسرائیلی توسیع کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔