Live Updates

عید الاضحٰی ہمیں قربانی، ایثار، خلوص اور اطاعت کا پیغام دیتی ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 6 جون 2025 21:37

عید الاضحٰی ہمیں قربانی، ایثار، خلوص اور اطاعت کا پیغام دیتی ہے ۔ سپیکر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عید الاضحٰی ہمیں قربانی، ایثار، خلوص اور اطاعت کا پیغام دیتی ہے،حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی خالص بندگی اور اطاعتِ الٰہی کی وہ عظیم مثال ہے جو ہمیشہ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی،عید الاضحیٰ ہمیں اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنے اور اس کے احکامات کے سامنے مکمل اطاعت اور انکساری کا مظاہرہ کرنے کا درس دیتی ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید الاضحٰی کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ خصوصاً پاکستانی قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید کا حقیقی پیغام محتاجوں، یتیموں اور کمزور طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہے، اپنے اردگرد موجود مستحق افراد کی مدد کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، عید کی خوشیوں میں انہیں شامل کر کے ہم اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی و ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کرنا ہمارا دینی فریضہ ہےتاہم اس کے ساتھ ساتھ صفائی، نظم و ضبط اور سماجی ذمہ داریوں کا خیال رکھنا بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کی باقیات اور کھالیں حکومتی ہدایات کے مطابق مناسب انداز میں ٹھکانے لگائی جائیں تاکہ صفائی کا نظام متاثر نہ ہو اور بیماریوں کے پھیلاؤ اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی اور مسرت کے اس موقع پر ہمیں اپنے مظلوم کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، بھارت اور اسرائیل کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی اور بے حسی قابل تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ عالم کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کرنے چاہیے۔

سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں عید الاضحیٰ کی حقیقی روح کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور قربانی، ایثار اور اطاعت جیسے اعلیٰ اسلامی اقدار کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مبارک دن امتِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کے لیے باعث برکت، خوشی اور روحانی ارتقاء کا ذریعہ بنے اور ہم سب اخوت، اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کو فروغ دے کر ایک پرامن اور فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات