نورالامین مینگل کی شہیدکانسٹیبل مرزا ارشد بیگ کے جنازہ میں شرکت،انکے بیٹے، بھائی اور اہلخانہ سے ملاقات، فاتحہ خوانی و تعزیت

جمعہ 6 جون 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے پولیس لائن شیخوپورہ میں شہید کانسٹیبل مرزا ارشد بیگ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے شہید کے بیٹے، بھائی اور اہل خانہ سے ملاقات میں فاتحہ خوانی اور تعزیت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہید کانسٹیبل ارشد انکے خاندان کا حصہ تھا جس کی ٹارگٹ کلنگ ایک بڑا صدمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کیساتھ برابر کے شریک ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید مرزا ارشد بیگ محنتی، ایماندار اور فرض شناس اہلکار تھا۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ کانسٹیبل ارشد کے قاتلوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس حکام کو جلد از جلد مجرمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ شہید کانسٹیبل ارشد گزشتہ 10 سال سے سیکرٹری داخلہ پنجاب کیساتھ بطور آپریٹر فرائض سر انجام دے رہا تھا۔ کانسٹیبل مرزا ارشد کو جمعرات کو فیروزوالہ میں ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر ذیشان، ایس ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن اختر فاروق، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران، ڈی پی او بلال ظفر اور محکمہ داخلہ پنجاب کے اعلی افسران و اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہید مرزا ارشد بیگ کی تدفین آبائی گاوں کالر شیخوپورہ میں کی گئی۔