Live Updates

-فارم 47کی مسلط حکومت سے نجات عوام کا اولین مطالبہ بن چکا ہے ،پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعہ 6 جون 2025 21:00

tکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں ضلع زیارت کے غیور ، باشعور، وطن دوست ، قوم دوست ، جمہوریت پسند عوام سے عید کے چوتھے دن 10جون بروز منگل ضلع زیارت فٹبال گرائونڈ میں پارٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے مرکزی جلسہ عام میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے ۔

جلسہ عام سے پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور پارٹی کے دیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب فرمائینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک ، پشتونخواوطن اور بالخصوص پشتون بلوچ صوبے میں پشتونوں کے ساتھ جاری امتیازی ناروا سلوک ، امن وامان کی ابتر صورتحال، تجارت ، روزگار پر پابندیاں، عوام کے وسائل کی بندربانٹ، زمینوں ، معدنیات کی جاری ناروا الاٹمنٹس اور قبضہ گیری کی صورتحال ، عوام سے تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع اور سہولیات چھیننے، عوام کو ترقی وخوشحالی سے محروم رکھ کر انہیں پسماندگی ، جہالت ، غربت کی جانب دھکیلنے اور بدامنی ، دہشت گردی ، اغواء برائے تاوان کے واقعات میں ملوث عناصرکو کھلی چھوٹ دینے ، 8فروری کے انتخابات میں زروزور کی بنیاد پر فارم 47کی حکومت کو عوام پر مسلط کرنے اور اس کے ذریعے غیر آئینی ، غیر قانونی ، غیر جمہوری پالیسیوں واقدامات کا تسلسل نہ صر ف اس صوبے بلکہ تمام ملک کے عوام کے لیئے لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ فارم 47کی مسلط حکومت سے نجات عوام کا اولین مطالبہ بن چکی ہے اور ملک میں از سر نو صاف شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ضروری ہے ۔ ملک میں آئین کی بالادستی ،جمہور کی حکمرانی ، قانون کی پاسداری ، اداروں کی سیاست میں مداخلت کا خاتمے سے ملک کے بحرانوں کا حل ممکن ہے ۔ آئین سے انحراف کرنے والے مسلط اور فارم47کی حکومت کو برقرار رہنا ملک کو مزید تباہی وبرباد ی سے دوچار کرنا ہے ۔

مسلط حکومت کرپشن کرپشن ،کمیشن، پرسنٹ ، عوام کے زمینوں کی الاٹمنٹ ا ور عوام کی جائیداد فروخت کرنے میں مصروف ہیں ۔ بیان کے آخر میں پارٹی ضلع زیار ت کے تمام کارکنوں کو زیارت میں وال چاکنگ ، پارٹی جھنڈیاں لگانے پر انہیں داد تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ جلسہ عام کی کامیابی کے لیے اپنی محنت جاری رکھیں گے اور جلسہ کے دن جلسہ گاہ کے انتظامات اور دی گئی ذمہ داریوں کو بخوبی سرانجام دینگے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات