Live Updates

ظ*جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے صحافی خواتین کو عید الاضحی کے تحائف پیش

لاہور پریس کلب میں مختلف میڈیا اداروں کی خواتین صحافیوں کو عید کے تحائف، کتب، پھول اور دعاؤں کا تحفہ

جمعہ 6 جون 2025 21:00

Aلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2025ء) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی جانب سے لاہور پریس کلب میں صحافی خواتین کو عید الاضحی کے تحائف دیئے گئے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے خوشی، مسرت، خیر سگالی اور دوستی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے لاہور پریس کلب کی خواتین ممبران، مختلف اخبارات و چینلز سے وابستہ صحافی خواتین کو عید کے سوٹ، پھول اور کتب بطور تحفہ بھیجے۔

اس موقع پر سیکرٹری لاہور پریس کلب زاہد عابد، ممبر گورننگ باڈی شاہدہ بٹ، سیکرٹری اطلاعات و نگران نشر و اشاعت وسطی پنجاب صفیہ ناصر، اور نائب نگران شازیہ حمود بھی موجود تھیں۔ اپنے پیغام میں ڈاکٹر حمیرا طارق نے خواتین صحافیوں کو عید کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اگرچہ ہمارے دل اہل فلسطین کے غم میں ڈوبے ہوئے ہیں تاہم ہم سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں لبیک کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت تمام مسلمانوں، خصوصاً اہلِ غزہ کے لئے عید کی خوشیاں مبارک کرے۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے خواتین صحافیوں سے اپیل کی کہ عید الاضحی کے مقدس موقع پر مظلوم فلسطینی عوام کو اپنی تقریر، تحریر، عبادات اور دعاؤں میں ضرور شامل رکھیں۔ سیکرٹری لاہور پریس کلب زاہد عابد نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہر موقع پر خواتین صحافیوں کی خوشیوں میں شریک ہوتی ہے، اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے اس ضمن میں ممبر گورننگ باڈی شاہدہ بٹ کی خصوصی کاوشوں کو بھی سراہا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات