Live Updates

عیدالاضحیٰ کا مقدس دن ہمیں قربانی، ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے ،بلاول بھٹو زرداری

ہفتہ 7 جون 2025 00:00

کراچی / اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس دن ہمیں قربانی، ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے اور یہ وہی اقدار ہیں جو نہ صرف ہم انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں بلکہ ایک منصفانہ اور پُرامن معاشرے کی بنیاد بھی رکھتی ہیں۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ دراصل ایثار کے جذبے کے احیاء کا دن ہے، عیدالاضحیٰ ذاتی مفادات کو اجتماعی بھلائی کے لیے چھوڑنے، ضرورت مندوں کی مدد کرنے اور مظلوموں کے ساتھ ہمدردی اور حوصلے کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس پرمسرت موقع پر غریب اور نادار طبقے کو ہرگز نہ بھولیں اور اپنی خوشیوں میں ان کو بھی شامل کریں، خصوصاً اُن علاقوں میں جہاں لوگ غربت، موسمیاتی تباہ کاریوں یا تنازعات کا سامنا کر رہے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک ترقی پسند، مساوات پر مبنی اور فلاحی پاکستان کے لیے پیپلز پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا، جہاں کوئی فرد معاشی مسائل کی وجہ سے دوسروں سے پیچھے نہ رہ جائے۔انہوں نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ یہ عید ہمارے دلوں کو سکون، قوم کو وحدت اور ہر گھر کو خوشیوں سے بھر دے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات